آج شہید بھی ہم، مظلوم بھی ہم اور پس زندان بھی ہمیں ہی ڈالا جارہا ہے
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے صدر کا کہنا ہے کہ حکومت نے اگر ناصر شیرازی کو فی الفور عدالت پیش نہ کیا تو تعلیمی اداروں میں بھی طلباتنظیمیں احتجاج کی کال پر لبیک کہیں گی۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی کا تسنیم نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ ناصر عباس شیرازی آئی ایس او اور متحدہ طلباء محاذ کے سابق مرکزی صدر اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہیں جنہیں لاھور کے ایک علاقے سے دن دیہاڑے اٹھایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ حکومت تاحال انہیں عدالت میں پیش نہیں کر سکی۔ ملک بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں، متحدہ طلباء محاذ کی تمام نمائندہ جماعتوں نے ملک گیر احتجاج کا عندیہ دیا ہے۔ آئی ایس او کے تمام ڈویژنز ملک بھر میں احتجاج کے لئے تیار ہیں۔ حکومت نے اگر ناصر شیرازی کو فی الفور عدالت پیش نہ کیا تو تعلیمی اداروں میں بھی طلباتنظیمیں احتجاج کی کال پر لبیک کہیں گی۔
انصر مہدی کا کہنا تھا کہ طول تاریخ کے اندر محبان اہل بیت نے ارض پاکستان کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھایا بلکہ ہم نے وطن عزیز کے استحکام اور بقا کے لئے قربانیان دی ہیں۔ آج شہید بھی ہمیں کیا جارہا ہے، مظلوم بھی ہم ہیں اور پس زندان بھی ہمیں ڈالا جارہا ہے۔ ہم تمام اداروں تک یہ بات پہنچانا چاہتے ہیں کہ اگر ناصر عباس شیرازی اور دیگر اسیران پر کوئی الزام ہے تو آئین اور قانون کے مطابق عمل کیا جائے جبکہ اس انداز میں بے گناہ افراد کو غائب کرنا کسی طور درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔