وحدت اسلامی کانفرنس تہران امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے ممد و معاون + ویڈیو
تہران میں منعقد ہونے والی اکتیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کرنے والے پاکستانی دانشور کا کہنا ہے کہ ہر سال منعقد ہونے والی اس کانفرنس کی اہمیت اس سال بہت زیادہ تھی۔
تہران میں منعقد ہونے والی اکتیسویں بین الاقوامی وحدت کانفرنس میں شرکت کرنے والے پاکستانی دانشور رشید احمد چغتائی کا تسنیم نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ ہر سال تہران میں منعقد ہونے والی وحدت اسلامی کانفرنس کی اہمیت اس سال بہت زیادہ تھی، یہ ایسے موقع پر انعقاد پذیر ہوئی جب امت مسلمہ مختلف مسائل کا شکار ہے، اور دوسری جانب امریکہ اور صہیونی ریاست نے بیت المقدس کا غاصب ریاست کا دارالخلافہ قرار دیا، جس کے خلاف اس کانفرنس کے دوران متفقہ طور پر کہا گیا کہ بیت المقدس غاصب ریاست کا دارالخلافہ نہیں ہو سکتا اور ٹرمپ کے فیصلے کی بھرپور مذمت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں مسلمانوں کے درمیان وحدت پر زور دیا گیا اور دشمنوں کی سازشوں سے پردہ اٹھایا گیا، اس کانفرنس کے دوران بتایا گیا پاکستان میں بھی اس طرح کی کانفرنس کا انعقاد اگلے سال کیا جائے گا۔ وحدت اسلامی کانفرنس امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے ممد و معاون ثابت ہو گی۔ وحدت اسلامی کانفرنس کے دوران تہذیب اسلامی کے موضوع پر مقالے پیش کئے گئے اور اس کے فروغ پر زور دیا گیا۔
رشید چغتائی نے بتایا کہ کانفرنس کے موقع پر ایران کے سابق وزیر خارجہ منوچہر متقی کے ساتھ خصوصی ملاقات ہوئی۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن کے خواہاں ہیں، دہشت گردانہ واقعات کا سن کر دکھ ہوتا ہے۔ دشمن کی سازشوں کو ناکام کرتے ہوئے پاک ایران تعلقات کو بہتر کرنے کی ہمیشہ کوشش کی جاتی ہے۔