لاہور | حضرت بی بی پاکدامنؒ کے عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا
اہل تشیع کے مطابق یہ دربار حضرت بی بی رقیہؓ کا ہے جبکہ لاہور کے اہلسنت اسے پاکدامن بی بیؒ کا نام دیتے ہیں، سال بھر دربار پر حاضری کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس میں اہل تشیع کی کثیرتعداد شرکت کرتی ہے جبکہ ہر جمعرات کو دربار پر ماتم داری ہوتی ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق لاہور میں واقع ممتاز درگاہ حضرت بی بی پاکدامنؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز آج نماز عصر کے بعد ہوگا۔ لاہور میں یہ واحد دربار ہے جس پر شیعہ سنی مشترکہ طور پر حاضری دیتے ہیں۔
اہل تشیع کے مطابق یہ دربار حضرت بی بی رقیہؓ کا ہے جبکہ لاہور کے اہلسنت اسے پاکدامن بی بیؒ کا نام دیتے ہیں۔ سال بھر دربار پر حاضری کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس میں اہل تشیع کی کثیرتعداد شرکت کرتی ہے جبکہ ہر جمعرات کو دربار پر ماتم داری ہوتی ہے۔ آج سے شروع ہونیوالے عرس میں اہلسنت شرکت کرتے ہیں اور عرس کی تقریبات 3 روز تک جاری رہتی ہیں۔
عرس کی تقریبات کا آغاز صوبائی وزیر اوقاف سید زعیم حسین قادری کی اہلیہ عظمیٰ زعیم قادری کریں گے جو رکن پنجاب اسمبلی بھی ہیں۔ مزار پر چادر چڑھا کر ملکی سلامتی اور امن و امان کی دعا کی جائے گی۔
اس موقع پر محکمہ اوقاف نے خصوصی گرانٹ جاری کر دی ہے جس سے لنگر سمیت دیگر انتظامات کئے جائیں گے۔
عرس کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے جائیں گے، لاہور پولیس نے اس حوالے سے اپنا سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے۔
کل ہفتہ کے روز محفل نعت ہوگی جس میں ملک بھر سے نعت خواں حضرات شرکت کریں گے۔