سینیٹ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوگئے


سینیٹ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوگئے

پنجاب اسمبلی میں نہال ہاشمی کی خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ڈاکٹر اسد اشرف 298ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب اسمبلی میں نہال ہاشمی کی خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ڈاکٹر اسد اشرف 298ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔

ن لیگ کے حمایت یافتہ کامیاب امیدوار نے جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے جیتا ہوں لیکن اپنی جیت نواز شریف کے قدموں پر نچھاور کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا جو بھی نظریہ ہے اس کو آگے بڑھاؤں گا۔

ان کی جیت کی خبر سن کر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویبسائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'الحمدُ للّٰہ مسلم لیگ ن کے ہر ممبر نے پارٹی کو ووٹ دیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کسی کو مخاطب کیے سوال کیا کہ 'کیا ملا آپ کو جماعت کا نام اور نشان چھین کر،سوائےناکامی بدنامی و ادارے کی رسوائی کے؟'

 ڈان نیوز کی رپورٹ کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار زرقا سہروردی تیمور کو صرف 38 ووٹ مل سکے۔

زرقا سہروردی نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ ن لیگ اپنے اوچھے ہتکھنڈوں سے باز نہیں آ رہی۔

انہوں نے بتایا کہ آج انتخاب کے دوران شک والے لوگوں کے ساتھ ن لیگ نے اپنے لوگ چھوڑے ہوے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین مولانا رحمت کے ساتھ ووٹ ڈالنے گئے جبکہ پولنگ بوتھ پر کور بھی نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طریقہ سے دھاندلی ہو سکتی تھی مسلم لیگ (ن) نے کوشش کی ہے۔

انہوں نے نتائج قبول نہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ روز میں نتائج کو چیلنج کریں گے۔

سینیٹ ضمنی انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے 368کے ایوان میں سے مجموعی طورپر 350 ووٹ کاسٹ ہوئے مسلم لیگ (ن) کے 300 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے تاہم ان کے 9ارکان پولنگ کے عمل کے دوران غیر حاضر رہے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے 8 ارکان بھی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالنے نہیں آئے، سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں کل 12 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ 2 کو منسوخ کیا گیا۔

خیال رہے کہ نئے منتخب ہونے والے سینیٹر کی مدت تین سال ہوگی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری