امریکہ؛ ٹرمپ کی جارحانہ پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کرگئے + تصاویر


امریکہ؛ ٹرمپ کی جارحانہ پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کرگئے + تصاویر

امریکہ بھر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دیگر امور کی مانند غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف بھی جارحانہ پالیسی وضع کرنے کے بعد احتجاجی مظاہروں نے شدت اختیار کرلی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، لاس اینجلس اور سان فرانسسکو سمیت متعدد شہروں میں صدرٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مظاہرین نے ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ خاندانوں کو ایک دوسرے سے الگ نہ کیا جائے اور متنازع امیگریشن ایجنسی آئیس کو ختم کیا جائے۔

امریکی صدر کی امیگریشن پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ پالیسی امریکی عقائد کے خلاف ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متنازع پالیسی کو ختم کرنے کے ایگزیکٹو حکم نامے کے باوجود اب بھی تقریباََ 2 ہزار بچے اپنے والدین سے الگ ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکہ کی جانب سے تارکین وطن سے متعلق بنائی گئی پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے والے چھ سو سے زائد مظاہرین کو گرفتارکیا گیا تھا۔

انسانی حقوق اورتارکین وطن کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کی جانب سے امریکہ کی 17 ریاستوں میں تارکین وطن کو بچوں سے علیحدہ کرنے کے قانون کو عدالتوں میں چلینج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کو بغیر کسی عدالتی کارروائی کے فوری طور پر ملک بدر کردیا جائے گا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری