کارکنوں کو رہا کیا جائے ورنہ حالات خراب ہوسکتے ہیں، ایاز صادق


کارکنوں کو رہا کیا جائے ورنہ حالات خراب ہوسکتے ہیں، ایاز صادق

پولیس کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران لیگی چیئرمین، وائس چیئرمین اور شرپسند کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ کارکنوں کی رہا نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق لاہور پولیس نے نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں کرنے والے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رات گئے لاہور پولیس نے نواز شریف کے استقبال کے لیے جانے والے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ مسلم لیگ ن کے دفاتر پر جگہ جگہ چھاپے مارے گئے اور کئی مقامی رہنما گرفتار بھی کیے گئے جس کے بعد لیگی کارکنوں کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔

پولیس کی جانب حراست میں لیے گئے لیگی کارکنوں میں فیصل ٹاون تحفظ امن کمیٹی کے چیئرمین عاشرجٹ، کاہنہ سے مسلم لیگ ن کے وائس چیئرمین محمد شفقت، یو سی 98 چیرمین مزمل گجر جب کہ چیئرمین یوسی 78 سید عامر شاہ گلشن راوی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔

اس کے علاوہ فیروزوالہ یوسی 2 مسلم لیگ ن کے چئیرمین شیخ کاشف، یوسی 4 کے ساجد چوہان اور جوہر ٹاؤن سے مسلم لیگ ن کے چئیرمین ملک نثار احمد کھوکھر کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے یو سی 33 یکی گیٹ وائس چیئرمین احمد رشید بٹ کے دفتر اور فیروزوالہ شاہدرہ پولیس نے مسلم لیگ ن کے چئیرمینز اور وائس چیئرمینز کے گھروں پر چھاپے مارے جب کہ مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب سے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جب کہ شرپسند کارکنان کی نظربندی اور ضابطہ اخلاق پر عمل کے سخت احکامات دیئے گئے ہیں۔

شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے شرپسند کارکنان کی نظربندی کیلیے فہرستیں تیار کی گئی ہیں جب کہ ضلعی انتظامیہ کو 300 افراد کو نظربند کرنے کا حکم دیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری