وزیراعظم کا انتخاب کل ہوگا، عمران خان اور شہباز شریف میں مقابلہ
قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا، شیڈول کے مطابق قائد ایوان کا انتخاب(کل )17 اگست بروز جمعہ کو ہو گا۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا، سیکریٹری قومی اسمبلی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی آج دوپہر2بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے اور3بجے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی اوروزارت عظمیٰ کے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی جائے گی، شیڈول کے تحت کسی بھی رکن کو بحث کی اجازت دیے بغیر قائد ایوان(وزیراعظم)کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کیلیے کل جمعہ کو سہہ پہرساڑھے3 بجے ووٹنگ ہو گی ،اوپن رائے شماری کی بنیاد پر وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا، ڈویژن کے ذریعے ارکان دائیں اور بائیں کی لابیوں میں ووٹ ڈالنے چلے جائیں گے ،ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہونے پر قومی اسمبلی کے ایوان کے تمام دروازے بند کر دیے جائیں گے ،یہ دروازے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے تک بند رکھے جائیں گے تاہم دروازے بند کرنے سے قبل 5 منٹ کے لیے گھنٹیاں بجائی جائیں گی تا کہ ایوان سے باہر موجود ارکان ایوان میں آسکیں۔
دوسری طرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں، وزیراعظم کیلئے عمران خان کے تجویز کنندہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید جبکہ تائید کنندہ فخر امام ہیں۔
مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی طرف سے بھی وزارت عظمی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے گئے، ان کے کاغذات نامزدگی پارٹی رہنمائوں خواجہ آصف، احسن اقبال اور ڈاکڑ درشن نے جمع کروائے۔صدر مملکت ممنون حسین 18 اگست کو نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔
علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے انتخاب آج ہوگا، پنجاب اسمبلی میں353اراکین نے حلف اٹھایاجبکہ چوہدری نثار حلف اٹھانے اسمبلی نہیں آئے۔