عالمی عدالت انصاف: کلبھوشن کیس آئندہ برس فروری میں سماعت کے لیے مقرر
عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں گرفتار ہونے والےکلبھوشن یادیو سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
خبررساں تسنیم ادارے کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن کے کیس کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ سال فروری میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عالمی عدالت میں فروری میں ایک ہفتہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔ عالمی عدالت میں پاکستان اور بھارت کی جانب سے 2، 2 جوابات جمع کروائے گئے تھے۔
پاکستان نے جوابات میں بھارت کے تمام اعتراضات کے جواب دیے تھے۔ پاکستان نے پہلا جواب 13 دسمبر 2017 اور دوسرا رواں سال 17 جولائی کو جمع کروایا تھا۔
خیال رہے کہ 3 مارچ 2016 کو حساس اداروں نے بلوچستان سے بھارتی جاسوس اور نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
اگلے برس 10 اپریل کو پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کلبھوشن کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔
اس سے قبل فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کا ٹرائل بھی کیا گیا۔