پنجاب کے مختلف علاقوں میں مجالس اور جلوس پر پابندی، عزاداری کےلئے کسی سے اجازت نہیں لیں گے، شیعہ علماء کونسل


پنجاب کے مختلف علاقوں میں مجالس اور جلوس پر پابندی، عزاداری کےلئے کسی سے اجازت نہیں لیں گے، شیعہ علماء کونسل

شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ حافظ کاظم رضا نقوی کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بعض شہروں میں عزادارن امام حسین علیہ السلام کو مجالس اور جلوس عزاء برآمد کرنے سے روکا جا رہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بے جا عزاداری پر پابندی کے خبروں کے بعد علامہ حافظ کاظم رضا نقوی کی قیادت میں شیعہ علماء کونسل پنجاب کے وفد نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔
شیعہ علماء کونسل کے وفد نے ڈپٹی سپیکر کو محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں پر بے جا پابندیوں کے حوالے سے اپنے تحفظ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عزاداری ہمارا آئینی حق ہے جس کیلئے ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، ہمارے ملک کا آئین ہمیں مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے لیکن بعض بیوروکریٹس جان بوجھ کر صوبے کی فضا خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عزاداری کے کسی پروگرام پر کوئی پابندی قبول نہیں کی جائے گی اس حوالے سے حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے۔
ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری نے وفد کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شیعہ علماء کونسل کیساتھ عزاداری کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک کو امن اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائیں گے۔ دوست مزاری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملت جعفریہ کی آواز پر زائرین کے مسئلے کو بھی حل کر دیا ہے اب ایران جانیوالے زائرین کو کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی حکومت عزاداری کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین جب مذہبی آزادی دیتا ہے تو کسی کو کوئی حق نہیں کہ وہ رکاوٹیں کھڑی کرے۔
انہوں نے علماء کے وفد سے درخواست کی کہ علماء بھی مجالس میں فرقہ وارانہ اور توہین آمیز گفتگو سے پیرہز کریں اور مخالف فرقے کی مقدسات کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسی ریاست بنائیں گے جس میں تمام مکاتب فکر بھائیوں کی طرح رہیں گے، ایک خدا، ایک نبی اور ایک کتاب کے ماننے والے کافر نہیں ہیں بلکہ یہ دشمن کی لگائی ہوئی آگ ہے جسے ہم نے قابو کرنا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری