وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا،
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے، اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر کابینہ کوآئی ایم ایف سے مذاکرات پر اعتماد میں لیں گے اور حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں پیشرفت سے کابینہ کو آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے چند روز قبل انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر نے انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دی تھی۔
گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، دوست ممالک سے بات کر رہے ہیں، ملکی معیشت کو درپیش چیلنجزسے نمٹنا اولین ترجیح ہے، مشکل فیصلے کر رہے ہیں، مگران کے مثبت نتائج ملیں گے۔
عمران خان نے کہا تھا کہ سابق حکومتوں نےملک کوجس دلدل میں دھکیلاہےاس کی مثال نہیں، آج ملک30ٹریلین کامقروض ہوچکاہے، معیشت کاآج جوحال ہےایساملکی تاریخ میں کبھی نہیں تھا، قرضوں کی قسطیں اداکرنےکیلئے6ارب روپےروزانہ ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کاایک روپیہ خرچ کرتاہوں توتکلیف ہوتی ہے، ماضی میں کروڑوں روپےحکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ کیےگئے، کوشش ہےایساحل نکالیں کہ عوام کوکم سے کم تکالیف ہو۔
معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے آٹھ ارب ڈالر تک کا قرض لے سکتا ہے، گزشتہ پروگرام کا حجم چھ ارب چالیس کروڑ ڈالر تھا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پروگرام کے لیے بیس شرائط حکومت کے سامنے رکھی ہیں۔ جن میں سرفہرست روپے کی قدر میں کمی اور بجلی کی قیمت میں اضافہ ہے۔