ہر مسئلے میں فوج کو گھسیٹنا افسوسناک ہے، جنرل آصف غفور
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی کا کیس قانونی معاملہ ہے اور ہر مسئلے میں فوج کو گھسیٹنا افسوسناک ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آسیہ بی بی کا کیس گزشتہ 10 برس سے عدالتوں میں چل رہا ہے اور یہ قانونی معاملہ ہے، بہتر ہوگا کہ آسیہ مسیح کے معاملے میں قانونی عمل کو مکمل ہونے دیا جائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تمام مسلمانوں کا حضور پاک ﷺ سے محبت کا رشتہ ہے اور اس رشتے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، اسلام ہمیں امن، درگزر اور محبت کا درس دیتا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے میں مصروف ہے اور ملک میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام پر سزائے موت کے خلاف اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم دیا جس پر مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔