عدالت عالیہ کا کارنامہ لائق تحسین ہے، طاہرالقادری
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ عدالت عالیہ نے ثابت کردیا کہ عدلیہ کا کوئی دروازہ کھٹکٹائے تو انصاف میسر آسکتا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پیشی کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اللہ کا شکر ادا کرتاہوں،آج انصاف کا بول بالاہوا ہے، سپریم کورٹ نے آج سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کے چہروں پرخوشیاں لوٹادیں۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آج انصاف کا بول بالاکردیاہے، چیف جسٹس سمیت لارجربینچ کامشکورہوں، آج ثابت ہوگیا ہے عدلیہ کا کوئی دروازہ کھٹکٹائے تو انصاف میسر آسکتا ہے۔
سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا لارجربینچ نے اطمینان سے ہمارا کیس سنا، عدلیہ کامشکور ہوں، نئی جے آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے، امید ہے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے بعد کیس کی شفاف تحقیقات ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امیدر کھتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کوانصاف ملے گا،عدلیہ کے فیصلے پر حکومت پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے، حکومت کے بھی مشکور ہیں کہ انہوں نے عدلیہ کو یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کیس میں حکومت کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نئی جےآئی ٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی کرانے پر سپریم کورٹ نے درخواست نمٹادی۔
چیف جسٹس نے طاہر القادری سے مکالمے میں کہا دھرنا دینے سے پہلے آپ کو عدالت میں آنا چاہیے تھا، جن لوگوں کے پاس آپ جاتے تھے، وہ عدلیہ سے بڑے نہیں۔