علامہ راجہ ناصر کی علی امین گنڈا پور سے ملاقات، گلگت بلتستان کے آئینی حقوق پر تبادلہ خیال


علامہ راجہ ناصر کی علی امین گنڈا پور سے ملاقات، گلگت بلتستان کے آئینی حقوق پر تبادلہ خیال

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور سے اہم ملاقات کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نےعلامہ راجہ ناصر کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کیلئے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا جلد خطے کے عوام کیلئے خوشخبری دینگے۔

واضح رہے کہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی۔

راجہ ناصرجعفری نےکہا کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے میں حکومت اپنا کردار ادا کرے، یہاں کے عوام کو فاٹا کی طرح قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گذشتہ حکمرانوں نے اس خطے کے عوام کو نظرانداز کیا، جس کے سبب وہاں کے عوام کی مایوسیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کی فطری دفاعی لائن ہے، وقت آگیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو فاٹا کی ظرح قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جی بی کے وسائل پر سب سے زیادہ حق وہاں کی عوام کا ہے۔ حکومت ٹورزم اور قدرتی وسائل اور ہائیڈور پروجیکٹس پر ترجیحی بنیادوں پر فوکس کرکے نہ صرف خطے عوام کی حالت بدل سکتی بلکہ پاکستان کو معاشی مشکلات سے بھی نکال سکتی ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نون لیگ کی حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کو فی الفور روکا جائے۔

انہوں نے کہا شیڈول فور کے تحت درجنوں محب وطن شخصیات کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ایسے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کیخلاف وفاقی حکومت فوری نوٹس لے۔ جی بی کے مستقبل کے فیصلوں میں وہاں کے عوامی حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والی شخصیات سے بھی حکومت انکا موقف سنے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہ ہونے دے۔

اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ان شاء اللہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کے لئے سنجیدہ ہے اور بہت جلد خطے کے عوام کے لئے خوشخبری دینگے۔

ملک کے لئے وہاں کے غیور عوام کی والہانہ محب اور قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہی جی بی میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کوٹلہ امام حسین علیہ السلام کی زمین کی واگذاری کے معاملہ پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری