شیخ رشید کے دہشت گردوں کے ساتھ روابط ہیں، نفیسہ شاہ کا دعویٰ


شیخ رشید کے دہشت گردوں کے ساتھ روابط ہیں، نفیسہ شاہ کا دعویٰ

پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ ’شیخ رشید کالعدم تنظیموں کے سہولت کار ہیں، غور کر رہے ہیں کہ شیخ رشید نے کس کارنر کا پیغام دیا‘۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی کینٹ اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ ’بچہ بچ کر کھیلے تو اچھا ہے ورنہ ان کے ہاتھوں سیاسی موت مارا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے وکلاء سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔

وزیر ریلوے کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی دھمکی کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔

انہوں نے شیخ رشید پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ’شیخ رشید کالعدم تنظیموں کے سہولت کار ہیں، غور کر رہے ہیں کہ شیخ رشید نے کس کارنر کا پیغام دیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پشاور روڈ کے بھکاری کی اپنی یہ اوقات نہیں کہ دھمکی دے، جیالے آہنی دیوار بن کر اپنے قائد کی حفاظت کریں گے، ان کے صبر کو ان کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکریٹری جنرل چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ ’شیخ رشید گندگی پھیلاتے رہے ہم نے نظر انداز کیا، قتل کی دھمکی کو نظرانداز نہیں کر سکتے‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’بلاول بھٹو کے کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کے مطالبے کے بعد شیخ رشید نے یہ دھمکی دی ہے، شیخ رشید کے کالعدم جماعتوں اور دہشت گردوں سے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں‘۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ’حکومت شیخ رشید کو کابینہ سے نکال کر ان کے خلاف کارروائی کرے اور اگر اب بھی شیخ رشید کابینہ کا حصہ رہے تو سمجھا جائے گا یہ دھمکی حکومت کی طرف سے ہے‘۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری