افغانستان سے متعلق وزیراعظم کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، دفترخارجہ
وزیراعظم کے بیان پر افغان حکومت کے ردعمل پر دفتر خارجہ نے وضاحتی بیان میں کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا،وزیراعظم نے اپنے بیان میں پاکستان کے نظام کا حوالہ دیا تھا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، انہوں نے اپنے بیان میں پاکستان کے نظام کا حوالہ دیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان مفاہمتی عمل کے اہم موڑ پر پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے،پاکستان افغانستان میں امن عمل کی کامیابی کے علاوہ کسی قسم کے مفاد کی خواہش نہیں رکھتا، وزیراعظم عمران خان نے افغان مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے ذاتی دلچسپی لی،وزیراعظم کے بیان کو افغانستان کے داخلی امور میں مداخلت نہ سمجھا جائے،ایسے اقدامات سے غلط فہمیاں پیدا ہوگی
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان افغان عوام کے پرامن انداز میں رہنے کے حق کو سمجھتے ہیں، کیونکہ افغان عوام نے چار دہائیاں جنگ اور تشدد کے زیر اثر گزاری ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے افغانستان سے متعلق بیان پر گذشتہ روز پاکستانی سفارتخانے میں تعینات فرسٹ سیکرٹری کی افغان دفتر خارجہ طلبی ہوئی تھی،
سفارتی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے گزشتہ روز دیے گئے بیان پر تحریری احتجاج ریکارڈ کرایا گیا جب کہ پاکستانی سفارتکار نے افغانستان کو دوٹوک الفاظ میں جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بیان سے متعلق کسی قسم کی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بیان خطے میں امن و استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا گیا ہے جب کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔