پاکستان کوعرب ممالک کی جانب سے دی جانے والی امداد پر تشویش نہیں، مہدی ہنردوست
اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرمہدی ہنردوست کا کہنا ہے عرب ممالک کی جانب سےپاکستان کے لئے دی جانے والی امداد پرکسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بعض عرب ممالک نہایت تنگ نظرہیں، ہمیں امید ہے کہ وہ اپنی پالیسی میں تبدیلی لائیں گے تاکہ مسلم امہ میں وحدت اور ہم آہنگی کی فضا قائم ہو۔
انہوں نے عالم اسلام کے درمیان اتحاد سے متعلق قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ خامنہ ای کے احکامات کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج ہمیں دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنانا ہوگا.
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین پر زور دیا ہے۔
دوسری طرف ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ سعودی عرب خطے کا ایک اہم ملک ہے لیکن سعودی حکام کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے خطے میں مختلف قسم کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا امید ہے کہ سعودی عرب اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے گا۔
سیدعباس موسوی کا کہنا تھا اسلامی جمہوریہ ایران تمام ھمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔