ورلڈ کپ، انگلینڈ کا بھارت کو فتح کیلئے 338 رنز کا ٹارگٹ، محمد شامی نے پانچ کھلاڑی آؤٹ کئے
کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا ہے۔
برمنگھم میں کرکٹ ورلڈکپ کا انتہائی اہم میچ آج انگلینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جونی بیئراسٹو اور جیسن رائے نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 160 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد جیسن رائے 66 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اوپننگ کے لیے آنے والے جونی بیراسٹو نے شاندار اننگز کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 111 رنز بنائے، انہیں محمد شامی نے آؤٹ کیا جب کہ کپتان این مورگن صرف ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ون ڈاؤن آنے والے جوئے روٹ نے بین اسٹوک کے ساتھ مل کر 70 رنز کی شراکت بنائی تاہم روٹ 44 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بین اسٹوک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، بین اسٹوک نے 54 گیندوں پر 79 رنز بنائے جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بناسکی۔
انگلینڈ نے ایونٹ میں اب تک 7 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 4 میں کامیابی جب کہ 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ بھارت ایونٹ میں ابھی تک 6 میچز کے ساتھ ناقابل شکست ہے۔
آج کا میچ پاکستان کے لیے ابھی اہمیت کا حامل ہے، انگلینڈ کی شکست کی صورت میں قومی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی کے مزید قریب پہنچ جائے گی تاہم بھارت کی شکست کی صورت میں پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے انگلینڈ کو نیوزلینڈ سے لازمی ہارنا ہوگا۔