پاکستان انسداد منشیات کنٹرول میں صف اول پر کھڑا ہے، شہریار آفریدی
وزیر مملکت سرحدی امور و اینٹی نارکوٹکس شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ دنیا کی تباہی کی بد ترین شکل منشیات ہی ہے، بدقسمتی سے اس وقت پوری دنیا کی 85فیصد منشیات ہمارے ہمسائیہ ملک افغانستان میں پیدا ہوتی ہے
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کے دوران شہریار آفریدی نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب اور اقوام متحدہ کا چارٹر انسانیت پر زور دیتا ہے بلکہ پاکستان بھی اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
حکومت پاک افغان سرحد پر باڑ لگا کر ملک کو منشیات اور دہشت گردی سے پاک کررہی ہے، منشیات پھیلانے والوں کو نشان عبرت بنا دینے کا عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کا زہر نوجوان نسل کو تباہ کررہا ہے، پاکستان انسداد منشیات کنٹرول میں صف اول پر کھڑا ہے لیکن پاکستان کی منشیات کے خلاف کاروائی کا بین الاقوامی طور پر اعتراف نہیں کیا جارہا۔
وزیر مملکت سرحدی امور و اینٹی نارکوٹکس شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات فروش خود کش حملہ آور سے زیادہ خطرناک ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات فروش خود کش حملہ آور سے زیادہ خطرناک ہے ان کی وجہ سے پورا سماجی نظام تباہ ہورہا ہے، پاکستان میں منشیات برآمد گی کے الزام میں پکڑے جانے والے ملزمان کو ضمانت مل جاتی ہے اس سلسلے میں سخت قانون نا گزیر ہے بلکہ قوم کو نشے کی لعنت سے بچانے کیلئے متحد ہونا پڑے گا۔