دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ کراچی میں سجنے جا رہا ہے


دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ کراچی میں سجنے جا رہا ہے

دنیا کی سب سے بڑی کتابوں کی نمائش رواں ماہ اب کراچی میں منعقد ہورہی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بگ بیڈ وولف بک سیل کی جانب سے دنیا کی سب سے بڑی کتابوں کی نمائش رواں ماہ اب کراچی میں منعقد ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ کتابوں کے شوقین افراد 10 لاکھ سے زائد کتابوں کی قیمت پر 50 فیصد سے 90 فیصد تک دی جانے والی رعایت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقد ہونے والے کتابوں کے سب سے بڑے میلے کا آغاز 26 جولائی کو صبح 9 بجے ہوگا اور اس کا اختتام 5 اگست کو رات 12 بجے ہوگا۔ اس طرح یہ نمائش مسلسل 11 روز تک 24 گھنٹے کراچی ایکسپو سینٹر کے ہال 5 میں عوام کے لیے کھلی رہے گی۔

نمائش میں پہلے وی آئی پی ڈے میں شرکت کے لیے بگ بیڈ وولف بک سیل پاکستان کے سوشل میڈیا پیجز پر مقابلوں کے ذریعے وی آئی پی پاسز حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ وی آئی پی ڈے کا پاس رکھنے والے افراد ایک روز قبل یعنی 25 جولائی نمائش میں شرکت کرسکیں گے اور ایک روز پہلے باآسانی اپنی پسندیدہ کتابیں تلاش کرسکیں گے۔

بگ بیڈ وولف بک سیل کے بانی اینڈریو یاپ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی میں بگ بیڈ وولف میلہ کو متعارف کرانے کا ہمارا عزم آخرکار اب حقیقت کی جانب بڑھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں کامیابی کے بعد ہمیں احساس ہوا کہ اس خطے میں انگریزی کی معیاری کتابوں کے متلاشی وسیع تعداد میں موجود ہیں۔ اس لئے ہم نے کراچی آنے کا فیصلہ کیا۔

اس میلے میں ہر مزاج کے قارئین اپنے ذوق کے مطابق پسندیدہ موضوعات، بیسٹ سیلرز، نوجوانوں کے فکشن، رومانوی، جرم و سسپنس، سائنس فکشن، بزنس، سیلف ہیلپ، آرکیٹکچر، ڈیزائن، کوک بکس اور دیگر موضوعات کی کتابیں شامل ہوں گی۔

عوام کی جانب سے اس نمائش کی خوب پذیرائی کی جا رہی ہے اور لوگ اپنے شہر میں منعقد ہونے والے دنیا کی سب سے بڑے کتاب میلے کا بےچینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری