برطانوی شہزادے کا پاکستان کو خراج تحسین


برطانوی شہزادہ پرنس ہیری کہ کہنا ہے کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق برطانوی شہزادہ پرنس ہیری پاکستان میں نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے حکومتی اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہزادہ پرنس ہیری نے نوجوانوں کی ترقی میں پاکستان کو تعاون کی پیشکش بھی کی۔

پرنس ہیری نے کہا کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پرنس ٹرسٹ انٹرنیشنل کے ذریعے تعاون کیلئے تیار ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کی فراہمی میں مدد کرسکتے ہیں۔

کانفرنس میں پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی فیصلوں کی زبردست پذیرائی ملی۔

اپنے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامن ویلتھ ہیڈ کوارٹرز لندن میں یوتھ منسٹرز کانفرنس میں کیا۔ جبکہ اس موقع پر وزراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار بھی موجود تھے۔

عثمان ڈار نے وزیراعظم کے ویژن اور کامیاب جوان پروگرام سمیت یوتھ پالیسی پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار نوجوانوں کی یوتھ پالیسی بنادی گئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے برطانوی شہزادے کو نوجوانوں کو کامیاب بنانے سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ عثمان ڈار نے کامن ویلتھ ہیڈ کوارٹرز لندن میں یوتھ منسٹرز کانفرنس میں پرنس ہیری کی خصوصی دعوت پر شرکت کی تھی۔