پاکستانی نژاد ساجد جاوید برطانوی وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز
پاکستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمنٹ ساجد جاوید کو وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز کردیا گیا۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمنٹ ساجد جاوید کو وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ساجد جاوید برطانوی وزیر خزانہ کے عہدہ پر فائز ہونے والے پہلے غیر سفید فام رکن پارلیمنٹ ہیں۔
ساجد جاوید اس سے قبل ٹریزامے کی حکومت میں وزیر داخلہ تھے۔ اپمے سوشل میڈیا اکاوٹ پر ساجد جاوید نے کہا کہ یہ عہدہ میرے لیے اعزاز ہے۔ برطانوی وزارت خزانہ میں کام کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بطور وزیر خزانہ یورپی یونین سے علیحدگی کی تیاری، قوم کو متحد کرنا اور معیشت کو اولیت بخش کر مواقع پیدا کرنا، اہم ذمہ داریاں ہوں گی۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ کا عہدہ برطانیہ میں وزیراعظم کے بعد اہم ترین تصور کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بورس جانسن برطانیہ کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کئے گئے ٹویٹ میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بورس جانسن کو برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اور برطانیہ کا نیا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ انہیں کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اور وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ وہ بورس جانسن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں اور توقع ہے کہ ان کے انتخاب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔