کلبھوشن یادیو کے خاندان کی سابق بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات


کلبھوشن یادیو کے خاندان کی سابق بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات

کلبھوشن یادیو کی فیملی نے نئی دہلی میں سابق بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج سے ملاقات میں کلبھوشن یادیو کی بھارت واپسی کی درخواست کی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کلبھوشن یادیو کی فیملی نے نئی دہلی میں سابق بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج سے ملاقات کی اور انہیں کلبھوشن یادیو کی محفوظ بھارت واپسی کے لئے کردار ادا کرنے اور انہیں کلبھوشن سے ملنے کے لئے فوری طور پر پاکستان کا ویزہ دلوانے کی اپیل کی ہے۔

کلبھوشن کی فیملی نے سشما سوراج سے کہا کہ انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ عالمی عدالت انصاف کلبھوشن کو رہائی دلوانے کے احکامات جاری کرے گی لیکن نہ تو اسے رہائی مل سکی اور نہ ہی اس کی بھارت واپسی کی ابھی تک امید پیدا ہوئی ہے۔

کلبھوشن کی فیملی نے مزید کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ کلبھوشن کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جس سے انہیں تشویش لاحق ہو رہی ہے۔

سشما سوراج نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اپنی حکومت سے رابطے میں ہیں جب کہ حکومت کلبھوشن کی واپسی کے لئے سنجیدہ ہے۔

واضح رہے کہ سشما سوراج بطور وزیرخارجہ ماضی میں بھی کلبھوشن کی فیملی سے مسلسل رابطے میں رہی ہیں جبکہ موجودہ وزیرخارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ان لوگوں کی ابھی تک ملاقات نہیں ہوسکی ہے۔

یاد رہے کہ پچھلے ہفتے عالمی عدالت انصاف نے بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی واپسی، رہائی اور فوجی عدالت کا فیصلہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

اس حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو پاکستان کی تحویل میں ہی رہے گا اور اس کے ساتھ پاکستانی قوانین کےمطابق ہی سلوک ہوگا۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری