وزیراعظم کے دورہ امریکا سے پاکستان کے خلاف بھارت کا منفی پروپیگنڈا بےنقاب ہوگیا: علی زیدی


وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے پاکستان کے خلاف امریکا میں بھارت کا منفی پروپیگنڈا بےنقاب ہوگیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، علی زیدی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے جیسا استقبال کیا ایسا کبھی نہیں ہوا، عمران خان کے دورہ امریکا سے تاریخ رقم ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کے بعد مودی حکومت بےنقاب ہوگئی، بھارتی میڈیا بھی کشمیر سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر بوکھلا ہٹ کا شکار ہے، بھارتی سرکار کشمیر کے مسئلےکا حل چاہتی ہی نہیں ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت پر اتنا دباؤ پڑے گا کہ عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوجائے گا، دورہ امریکا میں دوطرفہ تجارت 20سے30فیصد بڑھانے پر بات ہوئی۔
پوچھے گئے سوال پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق اچھی امید ہے، عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق وزیراعظم کاموقف سب کے سامنے ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی 11سال سے کراچی میں حکومت کررہی ہے، بارشوں کے امکان کے بعد ہی نالوں کی صفائی شروع کی گئی، کیا بارشیں نہیں ہوں گی تو نالوں کی صفائی بھی نہیں کی جائےگی؟ برساتی پانی کی نکاسی کے نالوں میں گٹر کا پانی پھینکا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم کچھ کرنا چاہیں تو سندھ حکومت18ویں ترمیم کی بات کرتی ہے، خود کچھ کرتے نہیں، ہم کریں تو کہتے ہیں وفاق مداخلت کررہا ہے۔
عالمگیر خان کی گرفتاری کے بعد رہائی سے متعلق علی زیدی کا کہنا تھا کہ عالمگیرخان پاکستان کے شہریوں کیلئے ہی آواز اٹھا رہا ہے، عالمگیر عوامی مسائل کی بات کررہا ہے، جو مرضی قمیص پہنے فرق نہیں پڑتا، ہر روز کراچی میں 13 ہزار ٹن کچرا جمع ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعید غنی آج تک اپنا حلقہ صاف نہیں کراسکے، کراچی میں تعلیم، صحت، کچرا، ٹرانسپورٹ اور پانی کا مسئلہ ہے، سندھ حکومت کام کررہی ہوتی تو عالمگیر آواز نہیں اٹھاتا۔