بھارت 2 برسوں میں 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے، پاکستان دفتر خارجہ کا احتجاج


پاکستان دفتر خارجہ نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت 2 برسوں میں 1970مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے۔


ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر جنگ بندی کی بھارتی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔


ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج نے ایل او سی کے دننا، ڈھنڈیال، جوڑا، لیپا، شاہ کوٹ اور شاردہ سیکٹرز پربلااشتعال فائرنگ کی۔


بھارتی فائرنگ سے ایک شہری شہید اور 9 معصوم شہری زخمی ہوئے ہیں۔ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پرشہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت، بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔


ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت 2 برسوں میں 1970مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔


پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر امن برقرار رکھے اور اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے۔

دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں اضافہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ناکامی کی وجہ سے ان کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول پر بسنے والے معصوم شہریوں کو بھارت کی جانب سے دانستہ طور پر نشانہ بنائے جانے کے خلاف اور ان کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔

سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیا جا رہا ہے اور ہمیشہ دیا جائے گا۔