آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی وزیر برائے ابلاغ عامہ سے ملاقات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ نے سعودیہ عرب کے وزیر برائے ابلاغ عامہ ترکی بن عبداللہ نے سے ملاقات کی۔
خبررساں ادارے تسنیم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ سعودیہ عرب کے وزیر برائے ابلاغ عامہ ترکی بن عبداللہ نے پاک فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر سعودی مشیر دفاع میجر جنرل طلال عبداللہ اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دفاعی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج تمام شعبوں میں سعودی افواج کے ساتھ ہے جبکہ آرمی چیف نے سعودی شہزادہ بندر بن عبدالعزیز السعود کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
سعودیہ عرب کے وزیر برائے ابلاغ عامہ ترکی بن عبداللہ نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں فوجی قیادت کی سپورٹ نے ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچ دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب سے محبت اس حقیقت سے آشکار ہوتی ہے کہ انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے 18، 19 ستمبر 2018ء کو سعودی عرب کا دورہ کیا اس کے بعد انہوں نے 23، 24 اکتوبر کو دوبارہ سعودی عرب کا دورہ کیا اور پھر تیسری بار او آئی سی سربراہی کانفرنس کے موقع پر سعودی عرب کا دورہ کیا۔
سعودی عرب کے حکام نے عمران خان کے وفد کو خصوصی اہمیت دی اور خانہ کعبہ کے دروازے کھول دیئے جو ایک خاص اعزاز ہے۔
ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودیہ عرب کے وزیر برائے ابلاغ عامہ ترکی بن عبداللہ اپنے 2 روزہ دورے پر پاکستان موجود ہیں۔