امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کل پاکستان پہنچیں گے


افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے حوالے سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کا اسلام آباد دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کل اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسلام آباد میں وہ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سمیت عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد کل دوپہر دفتر خارجہ آئیں گے جہاں ان کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات شیڈول ہے۔
زلمے خلیل زاد افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر پاکستانی عہدیداروں سے اہم مشاورت کریں گے۔ اس حوالے سے ان کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
زلمے خلیل زاد نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ اپنا افغانستان کا اہم دورہ مکمل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور افغانستان اگلا قدم اٹھانے پر متفق ہوگئے ہیں۔
اپنے ٹویٹ میں خلیل زاد نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے لیے ٹیم اور تکنیکی معاونت فرہم کرنے والا گروپ تشکیل دیا جا ریا ہے۔
ایک اور ٹویٹ مین زلمے خلیل زاد نے کہا کہ دوحہ روانگی سے قبل وہ اسلام آباد جائینگے اور وہاں وہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام سے ملاقات کریں گے۔
زلمے خلیل زاد نے مزید بتایا کہ دوحہ میں اگر طالبان نے اپنا کردار ادا کیا تو وہ اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ کسی معاہدے پر پہنچا جا سکے۔
یاد رہے کہ زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان براہ راست بات چیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر اقتصادی تعاون پورے خطے کو آگے لے کر جائیگا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے اپنے دورہ امریکا کے دوران افغانستان میں قیام امن کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 15 سال سے اس تنازع کو سہہ رہا ہے اور اسی حوالے سے امریکا ایران تعلقات کے پیش نظر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرحد پر مزید کشیدگی برداشت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اور ایران کے تعلقات میں بہتری لانے کے لئے پاکستان ہر قسم کا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔