عوام قومی سلامتی کے اداروں کیساتھ کھڑی ہے، تنقید کرنے والوں کو سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں، گورنر پنجاب


عوام قومی سلامتی کے اداروں کیساتھ کھڑی ہے، تنقید کرنے والوں کو سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنےکہا ہے کہ قومی سلامتی کےاداروں پرتنقید کر نیوالوں کو سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں، عوام قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق گورنرہاؤس لاہور میں رکن قومی اسمبلی چوہدری شوکت علی بھٹی، چوہدری مہدی حسن بھٹی، اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین وسیم رامے کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ قومی سلامتی کےاداروں پرتنقید کر نیوالوں کو سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کی قومی سلامتی کے اداروں پر تنقید کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ اس سے اپوزیشن کے اصل عزائم بھی پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سیاست ضرور کرے مگر قومی سلامتی کے اداروں کو متنازعہ بنانے سے باز رہے۔ انہوں واضح کیا کہ عوام قومی سلامتی کے اداروں کیساتھ کھڑی ہے۔

حزب اختلاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نے اپوزیشن کو فلاپ کر دیا ہے۔
ماضی کی حکومت نے اپنی غلط پالیسوں کی وجہ سے ملک کومہنگائی اور بے روزگاری اور بد عنوانی جیسے مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے۔
جب تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو عمران خان نے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی اختیار کر نے کی بجائے ملک اورقوم کے مستقبل کو روشن بنانے کیلئے مشکل فیصلے کیے اور اب بھی حکومت کا مشن صرف عام آدمی کیلئے مشکلات کم کر نا اور ملک کو معاشی بحرانوں سے نجات دلانا ہے۔ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے جو مثالی اقدامات کیے ہیں ماضی میں انکی کوئی مثال نہیں ملتی۔ حکومت پار لیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط کر رہی ہے۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت جو مرضی کرلے وہ کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔ انشاءاللہ آج نہیں تو کل کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔

مزید پڑھیں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری