افغانستان میں پچھلے ماہ ریکارڈ ہلاکتیں ہوئیں، اقوام متحدہ


اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ افغانستان میں جولائی 2019 میں ایک ہزار 500 سے زائد شہری جاں بحق اور اتنے ہی زخمی ہوئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ  افغانستان میں خانہ جنگی کے دوران جولائی 2019 میں دو سال بعد شہریوں کی ریکارڈ ہلا کتیں ہوئی ہیں۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق طویل عرصے سے خانہ جنگی کے شکار افغانستان میں جولائی 2019 میں ایک ہزار 500 سے زائد شہری جاں بحق اور اتنے ہی زخمی ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق یہ گذشتہ 2  سال کے دوران ایک مہینے میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں مئی 2017 کے بعد ایک ماہ میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں جس کی بنیادی وجہ حکومت مخالف گروپوں کی کارروائیاں ہیں۔

یاد رہے چند ماہ قبل اقوام متحدہ ہی کی ایک اور رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغانستان میں رواں برس اب تک نیٹو اور افغان فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے عام شہریوں کی تعداد اس سے زائد ہے جو دہشتگردوں کے ہاتھوں مارے گئے۔

افغانستان کے لیے اقوامِ متحدہ کے معاون مشن (یواین اے ایم اے ) کے اعداد و شمار کے مطابق زیادہ تر امریکی طیاروں کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں میں 363 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جن میں 89 بچے بھی شامل ہیں۔ یہ اموات 2019ء کے پہلے 6 ماہ میں ہوئی ہیں۔