پاکستان بھر میں جشن یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے


پاکستان بھر میں جشن یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے

پاکستان کا یہ جشن آزادی ملی جوش و جذبے اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے یوم آزادی پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کی دعاؤں سے ہوا۔

اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

 اسلامی جمہوریہ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے قوم کے نام خصوصی پیغامات دیئے۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کشمیریوں کی آنکھوں سے بہنے والے آنسو ہمارے دل پر گرتے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارتی اقدام شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا قائداعظم کے رہنما اصولوں کو مشعل راہ بنا کر چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کے لیے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، شہری گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر گھومنے لگے اور پاکستان زندہ باد کے ساتھ ساتھ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔

رات کو سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کرتے ہوئے دعائیہ تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

دوسری جانب دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے73 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنا ڈوڈل پاکستان کے نام کر دیا۔

گوگل کی جانب سے گزشتہ کئی سال سے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی ڈوڈل جاری کیے جاتے ہیں، اس سال بھی گوگل نے پاکستان کے یوم آزادی پر خیبر پاس کو اپنے ڈوڈل کا حصہ بنایا ہے جس کے اوپر قومی پرچم موجود ہے جبکہ نیچے سبز رنگ کے چوکور باکس میں سفید حروف میں گوگل لکھا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان یوم آزادی آزاد کشمیر میں منائیں گے۔ اس موقع پر وہ آزاد کشمیر کی قانون سازی اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری