مسئلہ کشمیر: امریکی صدر کا پاکستانی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم نے وائٹ ہاؤس کے اعلامیے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میںمقبوضہ کشمیر اور خطے میں امن کو لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدرٹرمپ نے کشمیر میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاک بھارت باہمی مذاکرات پر زور دیا۔
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا اور بھارت سے مذاکرات پر زور دیا۔
اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے بھی بتایا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان کے درمیان مسئلہ کشمیر اور خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 20منٹ تک بات چیت ہوئی تھی۔
اس موقع پر عمران خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بھارت کے غاضبانہ اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا جبکہ صدرٹرمپ نے کشمیر میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاک بھارت باہمی مذاکرات پر زور دیا۔