کشمیر کے سلگتے مسئلہ پر پاکستانی وزیرخارجہ کا ہالینڈ اور جنوبی افریقا ہم منصب سے رابطہ


پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہالینڈ اور جنوبی افریقا ہم منصب سٹف بلوک اور ڈاکٹر نالیڈی پنڈور سے رابطہ کر کے مقبوضہ کشمیر سمیت خطے میں امن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہالینڈ اور جنوبی افریقا ہم منصب سٹف بلوک اور ڈاکٹر نالیڈی پنڈور سے رابطہ کرکے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کوظلم اوربربریت کانشانہ بنارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہالینڈ کے ہم منصب سٹف بلوک سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ کشمیرسمیت خطے میں امن وامان کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کوظلم اوربربریت کانشانہ بنارہاہے، ہندوستان یکطرفہ اقدام سے خطے کے امن کوتہہ وبالاکرنا چاہتا ہے۔ بھارت جبراور طاقت کے زور پر مقبوضہ کشمیرمیں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ نیدرلینڈ کے وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیرکی حالیہ صورتحال پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے خطے کو کشیدگی سے بچانے کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ ہالینڈ کے وزیرخارجہ نے تمام تصفیہ طلب معاملات کومذاکرات کے ذریعے سے حل کرنے پرزوردیا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر نالیڈی پنڈور سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکورٹی کونسل کے غیر مستقل رکن ملک جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر نالیڈی پنڈور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ کو سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے خط کے مندرجات سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اپنی ہم منصب کو بتایا کہ گزشتہ 12 دن سے کرفیو کے سبب مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہے حتی کہ شہریوں کو خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں موبائل، انٹرنیٹ اور مواصلات کے تمام ذرائع بند کر دیے ہیں۔