کشمیرجل رہا ہے اورعرب حکمراں مودی کو نواز رہے ہیں، صدر آزاد کشمیر
آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ عرب ممالک کے حکمرانوں کی طرف سے مودی کو ایوارڈ پر ہم ان سے شکوہ نہیں کرتے بلکہ انکے اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور احتجاج کرتے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے عرب حکمرانوں کی طرف سے مودی کو سیول ایوارڈ دینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیر جل رہا ہے،اگر کل آپ کا کوئی علاقہ جلے گا توہم ظالم حکمران کو ایوارڈ دینگے؟
سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عوامی انقلاب سے حل ہو گا، ایسے انقلاب کی قیادت سرکاری ادارے نہیں عوام کرتے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں کربلاکے منظر کو دہرایا گیا ہے، کشمیر کو ہندو نیشنل ازم کانشانہ نہیں بننے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ثالثی میں کشمیری شریک نہیں تو یہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کو قبول نہیں ہوگا، جنگ صرف کسی ایک ادارے، افواج ، پارلیمنٹ نے نہیں لڑنی پوری قوم نے لڑنی ہے۔
انہوں نے کہا ہندوستان کے ساتھ جنگ کے سلسلے میں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، کشمیریوں کا وعدہ ہے کہ آزادی لیکر رہیں گے، ہمیں صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا چاہیے،نفاق ڈالنے والوں پر نظر رکھیں،ہندوستان کی لابی یہاں موجود ہے لیکن بھارت میں اپ کی لاببیاں موجود نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل ، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سینئر صحافی اور اینکر پرسن سلیم صافی، کشمیری رہنما محمود احمد ساغر، حریت رہنما الطاف بٹ، سیکرٹری پریس کلب انور رضا، ربجا کے صدر سردار شوکت ، راجہ کفیل، بشیرعثمانی اور چیئرمین کشمیر کمیٹی سید شیراز گردیزی نے خطاب کیا۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کے معاملہ پر یہ تقریروں کانہیں عمل کا وقت ہے، ہرکسی کو کردار ادا کرنا ہو گا ،پہلی مرتبہ عالمی میڈیا نے کشمیر کے معاملے پر ہمارے موقف کی تائید کی ہے۔