مسئلہ کشمیر؛ پاکستان کا سلامتی کونسل کو ایک اور خط


پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کی موجودہ صدر جوانا ورونیکا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر ایک اور خط تحریر کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کی صدر کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کرنے کے لئے ایک اور خط تحریر کیا ہے۔

خط کے مطابق مکمل لاک ڈاؤن سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے، بھارتی اقدام خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کو بھارت کی طرف سے جھوٹے فلیگ آپریشن کے خدشے سے بھی آگاہ کیا جبکہ خط میں صدر سلامتی کونسل کو بھارتی وزیر کے جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق بیان سے بھی آگاہ کیا۔

خط میں وزیرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی تعداد کو دگنا کیا جائے اور یو این فوجی مبصرین کو بھارت کی جانب بھی پیٹرولنگ کی اجازت دی جائے۔

خط کے مطابق سلامتی کونسل عالمی اور علاقائی سلامتی کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل پر تعاون کیلئے تیار ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے حالیہ اقدامات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے کیلئے خط لکھا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستانی حکام مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مختلف ممالک کے رہنماوں سے مسلسل رابطہ کر کے انہیں مقبوضہ وادی کی ابتر صورت حال کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں۔

 کشمیر کے سفیر؛ پاکستان کے وزیراعظم اور وزیرخارجہ کا مختلف ممالک کے حکمرانوں سے رابطہ