آج وزیر اعظم کی اپیل پر عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے
وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر آج ملک بھر کے عوام کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے گھروں سے نکلیں گے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آج دوپہر بارہ سے ساڑھے بارہ بجے تک کراچی سے خیبر اور بولان سے بلتستان تک پوری قوم یک جان اور ہم آواز ہوگی اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائے گی۔
آج وزیر اعظم کی اپیل پر لوگ گھروں سے باہر نکلیں گے، دن 12 بجے سائرن بجیں گے، قومی ترانے کے بعد کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔
اسلام آباد کے تمام ٹریفک سگنل آدھے گھنٹے تک سرخ رہیں گے، ٹریفک رُکی رہے گی، اشاروں اور شاہ راہوں پر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے احتجاج کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں مرکزی اجتماع ڈی چوک پر ہوگا، سرکاری دفاتر کا عملہ جمع ہو کر اظہار یک جہتی کرے گا، پی ٹی آئی کے وزرا اور مقامی قائدین بھی ڈی چوک پرجمع ہوں گے۔
وزیر اعظم عمران خان آج دوپہر بارہ بجے سینیٹ لان جائیں گے، جہاں ارکان پارلیمنٹ بھی کشمیریوں سے یک جہتی کے لیےاحتجاج کریں گے۔
عمران خان کہتے ہیں ہم آج باہر نکل کر کشمیری بھائیوں کو پیغام دیں گے، پوری قوم بھارتی سفاکیت، غیر انسانی کرفیو، تشدد، کشمیریوں کی نسل کشی کے ایجنڈے اور جنت نظیر وادی پر غیر قانونی قبضے کے خلاف متحد اور ایک ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کا منصوبہ جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے۔