افغانستان: یوم سیاہ کشمیر کی تقریب سے قبل پاکستانی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ؛ پاکستان کے خلاف نعرہ بازی


افغانستان: یوم سیاہ کشمیر کی تقریب سے قبل پاکستانی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ؛ پاکستان کے خلاف نعرہ بازی

یوم سیاہ کشمیر کی تقریب سے 2 گھنٹے قبل پاکستانی سفارتخانے کے باہر مشتعل لوگوں نے مظاہرہ کیا اور پاکستان کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے کئی ممالک میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر منایا جاتا ہے اور دنیا کو مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔

اسی حوالے سے ایرانی دارلحکومت تہران میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے، یوم سیاہ کشمیر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اسی حوالے سے پاکستانی سفارت خانے کے اشتراک سے تہران یونیورسٹی کے اردو ڈیپارٹمنٹ میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات میں یوم سیاہ کشمیر منانے کیلئے سفارتخانہ پاکستان میں ایک تقریب کا انعقاد ہواجس میں ابوظہبی میں رہنے والے کشمیری نمائدگان اور پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر غلام دستگیر نے تقریب کی صدارت کی۔

علاوہ ازیں پاکستان قونصلیٹ جدہ کے زیر اہتمام یوم سیاہ کشمیر منانے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ تقریب کےآغاز میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے یوم سیاہ پر پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

تاہم پاکستان کے ہمسایہ مسلمان ملک افغانستان میں یوم سیاہ کشمیر نہ منایا جا سکا۔

پاکستانی سفارتخانے میں کشمیر یوم سیاہ سے متعلق تقریب شروع ہونے سے 2گھنٹے پہلے پاکستانی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ شروع ہوگیا۔ مظاہرے میں شامل لوگوں نے پاکستان کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔

اس زمرے میں پاکستانی سفیر زاہد نصراللہ نے بتایا کہ سفارتخانے میں کشمیر یوم سیاہ سے متعلق تقریب ہونا تھی جس میں سفارتکاروں، صحافیوں، سیاسی عمائدین اور دیگر شخصیات نے شرکت کرنا تھی تاہم تقریب شروع ہونے سے 2گھنٹے پہلے پاکستانی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ شروع ہوگیا جس میں شامل لوگوں نے پاکستان کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔انہوں نے بتایا کہ تقریب میں شرکت کی غرض سے سفارتخانے آنے والے مہمانوں کو مظاہرین نے ڈرایا دھمکایا۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ مظاہر ے کے باعث تقریب میں آنیوالے مہمان سفارتخانے میں نہیں آ پائے۔

انہوں نے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ  اس معاملے پر جب افغان حکام سے رابطہ کیا گیا تو کوئی جواب نہیں ملا جبکہ پولیس کی جانب سے بھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

پاکستانی سفیر زاہد نصراللہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور پولیس کی ملی بھگت سے احتجاج کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں
اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری