وزیر اعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات


وزیر اعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تسنیم نیوز کے مطابق، وزیراعظم نے پاک سعودی تعلقات کو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے سرمایہ کاری میں نئے دور کا آغاز ہوا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے پاک سعودی تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں او آئی سی اور دیگر ذرائع سے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کے متشدد اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنازعات اور اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے، پاکستان خطے میں امن کے لیے تمام ترکوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد نے پاکستان میں سیاحت کی ترقی میں ہر ممکن تعاون پر اتفاق کیا اور کہا کہ سیاحت میں تعاون کے لیے سعودی ٹیم جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاک سعودی تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ مئی 2019ء کے بعد وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ تھا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر پر سعودی حکام کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، سعودی حکام مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔