ایران میں مقیم بھارتی طلباء کا شہریت ترمیمی بل کے خلاف زبردست احتجاج+ تصاویر
اسلامی جمہوریہ ایران کے دوسرے بڑے شہرمشہد مقدس میں مقیم درجنوں بھارتی طلباء نے مسلم مخالف شہریت ترمیمی بل کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد مقدس میں المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی میں زیرتعلیم درجنوں طلباء نے ترمیمی بل کو ملک کے لئے نقصان دہ قرار دیا۔
جامعہ المصطفی المالمیہ مشھد میں مقیم ہندوستان کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے اپنے ملک کے تئیں اپنی وفاداری کو ثابت کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا.
مولانا شبرعابدی نے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ NRC اور CAB دونوں قانون ملک کی سالمیت اور اتحاد کے لئے نقصان دہ ہیں اور شہریت ترمیمی قانون مکمل طور پر آئین ہند کے خلاف ہے.
انہوں نے کہا کہ اس قانون کو اگر نافذ کیا گیا تو یہ ھندوستان کی امنیت کو برباد کر دے گا۔
انہوں نے جامعہ ملیہ و دیگر جامعہ کے طلاب کی حمایت کی اور حکومت کے اس عمل کی پر زور مذمت کی۔
احتجاجی جلسے سے مولانا سید سبط زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا یہاں جو احتجاجی جلسہ میں جمع ہوئے ہیں اپنے وطن سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں مسئلہ مسلمان اور ھندو کا نہیں ہے بلکہ آئین ھند پر جو ضرب لگ رہی ہے ہم اس کے خلاف جمع ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ قانون صرف مسلمانوں پر نہیں بلکہ ہندوستان اور ہندوستانیوں پر حملہ ہے جسے تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
سید سبط زید نے بھارتی حکومت کوخبر دار کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک میں ظلم ہو اور وہاں کے شہریوں کے حقوق پامال کئے جائیں تو وہ حکومت زیادہ دن نہیں چل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت کفر کے ساتھ تو چل سکتی ہے مگر ظلم کے ساتھ نہیں چل سکتی۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کے اس قانون کو جلد از جلد واپس لیا جائے۔
مشہور شاعر جناب ندیم سرسوی نے اپنے اشعار کے ذریعہ NRC اور CAB کو اور بنیادی قانون کو برباد کرنے پر حکومت ھند پر سخت تنقید کی۔
غریبی مفلسی بےروزگاری بدنظمی
یہ مسئلے ہیں وہ جن کا خیال تجھ کو نہیں۔۔
تباہ کر دی اس دھرم کی سیاست نے
غضب تو یہ ہے ذرا بھی ملال تجھے کو نہیں۔۔
مولانا طاہر عابدی نے مشہد میں مقیم بھارتی طلباء کی جانب سے میمورنڈم پیش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ NRC اور CAB قانون کو ترمیم کیا جائے اور سب کا خیال رکھتے ہوئے اسے نافذ کیا جائے۔
احتجاجی جلسے کے منتظمین؛ مولانا نقی عباس رضوی, مولانا طاہر عابدی, شاعر اہل بیت مولانا ندیم سرسوی, مولانا ظفر عباس رضوی نے احتجاج میں شریک علما اور طلاب کا شکریہ ادا کیا۔