کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کھل گئے


کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کھل گئے

شہر میں 12 گھنٹے کے لیے سی این جی اسٹیشنز کھل گئے، اسٹیشنز کے باہر گاڑیوں کی قطاریں لگنا شروع ہو گئی ہیں، پنجاب میں بھی سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق ایس ایس جی سی حکام کا کہنا ہے کہ سندھ میں آج صبح 7 سے رات 7 بجے تک اسٹیشنز کو گیس فراہمی شروع کی گئی، ایس ایس جی سی کے سسٹم میں معمولی سی بہتری آنا شروع ہو گئی ہے، کم گیس پریشر کا سامنا تاحال موجود ہے، تاہم صارفین کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے گیس بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایس ایس جی سی کے مطابق کراچی میں گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس فراہمی میں مشکلات ہیں، آیندہ سی این جی کھولنے کا فیصلہ پریشر دیکھ کر کیا جائے گا۔

ایس ایس جی سی نے منگل سے صنعتی شعبے کی آر ایل این جی بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ گیس فیلڈ سے سپلائی کی بحالی، آر ایل این جی میں اضافے کے بعد کیا گیا، صنعتی شعبے کی بحالی کے بعد سی این جی اسٹیشنز کو بھی جلد گیس بحال ہوگی۔

سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ گیس سپلائی بندش کا فیصلہ ریکارڈ سردی کے باعث کیا گیا تھا، دسمبر 2018 میں گھریلو شعبے کو اوسطاً 150 ایم ایم سی ایف ڈی آرایل این جی فراہم کی گئی، رواں سال دسمبر کے آخری ہفتے میں 500 ایم ایم سی ایف ڈی سے تجاوز کر گئی، ترجیحی شعبوں کو گیس فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ادھر چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد سمیت پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز فوری کھولے جائیں، تمام سی این جی اسٹیشنز 10 دن سے بند ہیں، بلوں اور واجبات کی ادائیگی بہت مشکل ہو گئی ہے، سی این جی اسٹیشنز کے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہیں۔

غیاث پراچہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب میں گیس سپلائی میں بہتری آئی ہے، آر ایل این جی کی سپلائی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری