بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کے ہاتھ کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، ثروت قادری


ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور ملکی سرحدوں پر جارحیت کررہا ہے دوسری طرف ملک میں دہشتگردوں کو سپورٹ کررہا ہے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشتگرد ملک میں دہشتگردی کرنے کی مذموم سازش وکوشش کررہے ہیں۔

سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم اور دہشتگردی کا نوٹس لے.

انہوں نے کہا کہ قوم ان ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے،دہشتگرد انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں انہیں طاقت سے ختم کیا جائے،حکومت دعوؤں اور زبانی کلامی کام چلانے کی بجائے معاشی استحکام کیلئے ہر ممکن کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد جمہوریت قدروں کو نقصان پہنچ رہا ہے،بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، بیرونی مداخلت سے کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرتا ہے۔

ثروت قادری کا کہنا ہے کہ  دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،حکمران بیرونی آئی ایم ایف کے دباؤ میں عوام دشمن پالیسیاں بنانے سے اجتناب کریں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی،گیس،اور ضروریات زندگی کی اشیا ء کی قیمتیں آسمانوں سے بات کررہی ہیں،حکومت عوام دوست پالیسیاں بنائے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور ملکی سرحدوں پر جارحیت کررہا ہے دوسری طرف ملک میں دہشتگردوں کو سپورٹ کررہا ہے،اقوام متحدہ عالمی برادری بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کریں،پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں،دہشتگردی کے خلاف اور ملک کی سلامتی کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کرینگے۔