مریم نواز کا نام دوسری مرتبہ ای سی ایل میں شامل
وفاقی کابینہ نے چوہدری شوگر ملز کے مقدمے میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا نام دوسری مرتبہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈال دیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تجویز پیش کی جسے کابینہ نے منظور کر لیا۔
اس سے قبل قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز کے ریفرنس میں بھی مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔
مریم نے عدالت میں ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ لندن جانا چاہتی ہیں تاکہ اپنے والد کی تیمارداری کر سکیں۔
ای سی ایل کے معاملات دیکھنے والی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے 28دسمبر کو مریم نواز کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔
تاہم کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کی تردید کی تھی کہ مریم کا نام دوسری مرتبہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر یا مقدس گائے نہیں۔