کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ؛ پی آئی اے کا چین کے لئے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ
پاکستان کی قومی ائرلائن نے کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظرہمسایہ ملک چین کے لئے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے چین میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے سبب 15 مارچ تک بیجنگ کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
واضح رہے کہ قومی ایئرلائنز ہفتے میں 2 مرتبہ اسلام آباد سے بیجنگ اور ٹوکیو کی پروازیں کرتی ہے۔
اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے کورونا وائرس کی وجہ سے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے آپریشن دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 30 جنوری سے 3 دن کے لیے پاکستان نے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔