حکومت نے کورونا وائرس سے آگاہی کےلئے ویب پورٹل متعارف کرادی
پاکستان میں وزارتِ صحت اور قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کی شراکت داری سے جان لیوا کورونا وائرس کے حوالے سے ویب پورٹل متعارف کرا دیا گیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، این آئی ٹی بی کے سربراہ شباہت علی شاہ نے ویب پورٹل متعارف کرانے کے موقع پر کہا کہ ’این آئی ٹی بی کی ٹیم نے وزارت صحت کی شراکت سے کم سے کم وقت کے اندر عام عوام کے لیے اس پورٹل کو متعارف کرایا ہے‘۔
انہوں نے کورونا وائرس سے آگاہی کے لیے ویب پورٹل متعارف کرانے کے حوالے سے مزید کہا کہ ’ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ پلیٹ فارم سب کے لیے معلومات کا ایک مؤثر ذریعہ بنے گا‘۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ کورونا وائرس کی ہیلپ لائن 1169 کے علاوہ اب ہم ایک آن لائن پلیٹ فارم بھی متعارف کرا رہے ہیں جس میں بیماری سے متعلق سوال و جواب ہوں گے، مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے ویب سائٹ دیکھیں اور اپنے دوستوں اور عزیز و اقارب میں بھی یہ معلومات پھیلائیں۔
ویب پورٹل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کے پیشِ نظر تشکیل دیا گیا ہے، پورٹل میں کورونا وائرس کی علامات، انسانوں میں پھیلاؤ، انکیوبیشن پیریڈ اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ سفری اور طبی مشوروں کے حوالے سے تفصیلات بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں مہلک وائرس کے مزید 573 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہزار 824 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ 9 روز کے دوران 33 ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔