عمران خان نے نواز شریف کو این آر او دے کر لندن بھیجا؛ بلاول


عمران خان نے نواز شریف کو این آر او دے کر لندن بھیجا؛ بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو این آر او دے کر لندن بھیجا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو واپس لانے کی کوششیں حکومت کی منافقت نہیں چلے گی۔ وزیراعظم کو کسی کرپشن کیس میں دلچسپی نہیں، وہ صرف کٹھ پتلی راج برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے سامنے رونا مت روئیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف مجرم ہیں۔ اگر مجرم تھے تو کیوں بھاگنے دیا؟ حکومت کی بڑی متنازع پالیسی ہے۔ واپس لانے کی کوشش حکومت کی منافقت ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب حکومت میں تھے تو پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتے تھے، اس وقت ان کی حکومت نہیں، مجھے ان کی مخالفت کا کوئی فائدہ نہیں، تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔ حکومت کو عوام کی مرضی کے مطابق ریاست چلانے پر مجبور کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو تنقید برداشت کرنی چاہیے۔ مثبت تنقید بغاوت یا غداری نہیں ہوتی۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت جو عوام کی جنگ لڑ رہی ہے۔

 

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ فرزند زرداری کی گفتگو سے سیاست پر ان کی ترجیحات کا پتہ چلتا ہے، فرزند زرداری کے منہ سے بھارت کے خلاف ایک لفظ نہیں نکلتا، بھارتی مظالم پر مذمت کا ایک لفظ تک سنائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو وزیراعظم عمران خان کا کشمیر کا مقدمہ لڑنا، مودی کو بے نقاب کرنا برا لگا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ فرزند زرداری نے جعلی اکاؤنٹس، کرپشن کے پیسے کا جواب نہیں دیا، تھر میں بھوک سے اموات، اسپتالوں کی حالت زار کا جواب نہیں ملا، سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر تشویش ہے، لاڑکانہ میں کتوں کے راج پرگہری تشویش ہے۔

سندھ کا حال دیکھیں تو حادثاتی چیئرمین کی سیاست کے مستقبل کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے، سندھ میں سوال پوچھنے پر صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری