نجکاری کا عمل تیز کیا جائے، عمران خان / نجکاری نہیں ہونے دیں گے، بلاول بھٹو


نجکاری کا عمل تیز کیا جائے، عمران خان / نجکاری نہیں ہونے دیں گے، بلاول بھٹو

وزیراعظم عمران خان نے مختلف حکومتی اداروں اور ملک میں سرکاری ملکیتی جائیدادوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بلاول بھٹو نے واضح کیا ہے کہ ملک میں نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ موثر انداز میں نجکاری کے عمل میں سہولت کے لئے بین الوزارتی رابطے کو بہتر بنایا جائے۔

عمران خان نے کہا غیر منافع بخش اداروں او ر غیر استعمال شدہ جائیدادوں کی نجکاری ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دو آر ایل این جی پاور پلانٹس ایس ایم ای بینک' سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور اور جناح کنونشن سنٹر اسلام آبا د اور27 سرکاری ملکیتی اراضیوں کی نجکاری رواں برس مئی اور جون میں مکمل ہوجائے گی۔

نجکاری ڈویژن کے سیکرٹری نے مختلف حکومتی اداروں اور سرکاری ملکیتی جائیدادوں کی نجکاری پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اسی حوالے سے دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ جب بھی آتے ہیں، ملک کے اثاثے بیچنا شروع کر دیتے ہیں۔ اداروں میں مزدوروں کا خون پسینہ شامل ہے، ہم بیچنے نہیں دیں گے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہتے ہیں معیشت صیح سمت پر چل رہی ہے، موڈیز اور عالمی ادارے معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ بیٹھ کر مزدوروں کے معاشی حقوق کی سودے بازی کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عدلیہ آزاد ہے، کسی کٹھ پتلی کو نجکاری نہیں کرنے دے گی۔ اگر مشرف ادارے نہیں بیچ سکے تو کٹھ پتلی کو بھی بیچنے نہیں دیں گے۔ ہم مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری