پاکستان؛ کرونا وائرس میں اب تک 19 افراد مبتلا، حالات قابو میں ہیں، ڈاکٹر مرزا


پاکستان؛ کرونا وائرس میں اب تک 19 افراد مبتلا، حالات قابو میں ہیں، ڈاکٹر مرزا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کرونا کے کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی البتہ صورت حال قابو میں ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اے آر وائی نیوز کے پروگرام پروگرام پاورپلے میں میزبان ارشد شریف کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی او اس میں‌ اضافے کا امکان ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں  25 مشتبہ کیسز ہیں، کراچی میں کرونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان میں وائرس ایران، لندن، عراق اور دبئی سے آنے والے مسافروں کی وجہ سے پہنچا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب تک وائرس ایک شخص سےدوسرے میں منتقل نہیں ہوا، تمام مریض ایئرپورٹس کےذریعے ہی پاکستان آئے، یہ کہناغلط ہے کہ متاثرہ مریض اسکریننگ سسٹم سےنچ نکلے، مجموعی طور پر ایئرپورٹس پر 88 ہزار مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے اور اب بیرونِ ملک سے آنے والے ہر شخص کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جن مسافروں میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں انہیں آئسولیشن وارڈ منتقل کیا جاتا ہے، کابینہ اجلاس میں آنے والے تمام افرادکی بھی اسکریننگ کی گئی، پانچ کمپنیوں کو سرجیکل ماسک برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت کی بدلتی ہوئی صورت حال پرگہری نظر ہے، رپورٹ ہونےوالے کیسز کی بہترین طبی نگہداشت کی جارہی ہے، عوام کو پریشان ہونےکی ضرورت نہیں صورت حال مکمل قابومیں ہے کیونکہ وفاق اور تمام صوبےعوام کے بچاؤ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں‘۔

ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک ملک میں کورونا کے 2ہزار 731 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

 ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کیانوش جہانپور نے صحافیوں کو بتایا کہ ایران میں اب تک کورونا کے 8ہزار42 مریضوں کا پتہ چلا ہے جن میں 291 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

 

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری