اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک فلسطینی شہید، 17 زخمی


نابلس ۔فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بیتا قصبے کے جبل العرمہ کے مقام پر اسرائیلی فوج نے پرامن فلسطینیوں پراندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے ایک فلسطینی شہید اور 17 زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے جبل العرمہ کے مقام پر یہودی آباد کاروں کی غاصبانہ قبضے کی سازش کے خلاف دھرنا دینے والے فلسطینیوں پرگولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور سترہ زخمی ہوگئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے 15 سالہ محمد عبدالکریم حمایل شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے فلسطینی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی بچہ شہید اور ڈیڑھ درجن فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور ساتھ ہی آنسوگیس کی شیلنگ کے لیے ڈرون طیارے کا استعما کیا گیا۔