چین کا سفرکرنے والے 6افغانی ملک بدر
طور خم بارڈر پر کورونا وائرس کے شبے میں 6 افغان شہری ملک بدرکردیے گئے
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، طورخم بارڈر پر تعینات صحت اور امیگریشن حکام نے اسکیننگ کے دوران کورونا وائرس جیسی علامات سامنے آنے پر 6 افغان شہریوں کو ملک بدر کردیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ افغان شہریوں نے حالیہ عرصے میں نہ صرف چین کا سفر کیا تھا بلکہ انہیں کچھ روز سے صحت کے مسائل بھی لاحق تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی انکوائری اور اسکیننگ کے بعد تمام افغان شہریوں کو فوری طور پر واپس ان کے وطن بھیج دیا گیا۔
اس سے قبل بدھ کے روز بھی حکام نے ایک افغان شہری محمد کامران کو بخار میں مبتلا ہونے اور سانس لینے میں مسائل کا سامنا کرنے پر واپس افغانستان بھیج دیا تھا۔
امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ محمد کامران نے جنوری کے وسط میں چین کا دورہ کیا تھا اس کے بعد وہ اپنے اہلِ خانہ کے سات پشاور میں ایک ماہ تک مقیم رہا تھا۔
دریں اثنا پشاور میں قبائلی اضلاع کے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے کہا کہ طورخم بارڈر پر تعینات امیگریشن عملہ انہیں بروقت معلومات فراہم نہیں کررہا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں مشتبہ مریضوں کو سروسز ہسپتال پشاور بھیجوانے اور افغان شہریوں کو ملک بدر کرنے لے حوالے سے بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے لنڈی کوتل میں صحت حکام نے ابراہیم خان نامی مقامی تاجر کو علاج کے لیے پشاور کے سروسز ہسپتال منتقل کیا تھا۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے روک تھام کے لئے حکومت نے مغربی سرحد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔