ڈیرہ غازی خان؛ قرنطینہ میں رکھے گئے 600 افراد صحت مند قرار


ڈیرہ غازی خان؛ قرنطینہ میں رکھے گئے 600 افراد صحت مند قرار

صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں قرنطینہ میں رکھے گئے 800 افراد میں سے 600 کے ٹیسٹ کلیئر ہو گئے ہیں اور انہیں گھر روانہ کردیا جائے گا۔

تسنیم نیوز کے مطابق؛ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج کابینہ کی کمیٹی کی ملاقات میں محکمہ صحت کو ہدایات دی ہیں کہ ہماری لیبارٹری کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور کٹس سمیت تمام ضروری حفاظتی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان میں جن 800 افراد کو قرنطینیہ میں رکھا گیا تھا، ان میں سے 600 کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور ہماری انتظامیہ انہیں گھر واپس پہنچا کر آئے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز سمیت تمام محکمہ صحت کے عملے کے لیے اسپیشل رسک الاؤنس کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر مریضوں کا علاج کرنے والے افراد کو تنخواہ کے برابر اسپیشل رسک الاؤنس بھی دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اپنے اردگرد موجودہ مستحق افراد کا بھی خصوصی خیال رکھیں۔

یاد رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مریض تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں اور ملک میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہو گئی ہے جبکہ اب تک ملک میں 7افراد وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

پاکستان میں اب تک سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 413افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی 296افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں وائرس نے تباہ مچا رکھی اور اب تک تقریباً 19ہزار افراد کورونا کے مہلک وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری