گلگت بلتستان میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن کی توسیع


گلگت بلتستان میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن کی توسیع

کرونا کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین اور وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں 30 اپریل تک لاک ڈاون کی توسیع کی گئی ہے۔

 تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا ہے کہ 16اپریل سے بعض شرائط کے ساتھ مخصوص اوقات میں دکانیں اور سرکاری دفاترکھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کے پی این کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں کوئی بڑی فیکٹری موجود نہیں ہے،لوگوں کی چھوٹی چھوٹی دکانیں ہیں، لاک دائون کی وجہ سے دکانیں بند ہونے سے لوگوں کا روزگار متاثر ہوا ہے جبکہ مزدور طبقہ بھی متاثر ہوا ہے اس حوالے سے میری سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی نے مخصوص اوقات میں دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور مختلف اشیاء کی دکانوں کیلئے ہم الگ الگ ٹائم مختص کرینگے اور باقاعدہ تمام دکانداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے ہدایات جاری کرینگے، اسی طرح گلگت بلتستان میں تعمیرات کے شعبے کیلئے الگ ٹائم مختص کرینگے تاکہ ہمارے مزدور بھائی بے روزگار نہ ہوں جبکہ تمام سرکاری دفاتر بھی 16اپریل سے مخصوص اوقات میں کھل جائیں گے۔
 انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے دکانوں کو کھولنے اور دفاتر کو کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے اس کیلئے باقاعدہ ایس او پیز بھی بنائے گئے ہیں کچھ ایس او پیز بنانا ہے جس کے بعد بدھ کے روز پریس کانفرنس میں تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
 انہوں نے کہا کہ حسب سابق عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ بین الااضلاعی ٹرانسپورٹ سروس بھی مکمل بند ہو گی۔
 انہوں نے بتایا کہ ہم نے چھوٹے تاجروں اور مزدور طبقے کا احساس کیا ہے اب دکانداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔
 انہوں نے کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کیخلاف جرمانے بھی ہوں گے اور قانونی کارروائی بھی ہوگی اور بعض دکانوں کو صبح کے اوقات میں کھولنے کی اجازت دیں گے جبکہ بعض دکانوں کو دوپہر کے اوقات میں کھولنے کی اجازت دینگے اور اس کی تفصیل ہم پریس کانفرنس میں بتائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے نیک نیتی کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے اس فیصلے کے بعد ہم چیک کریں گے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چیک کیا جائے گا اگر ایس او پیز اور ہماری ہدایات کی خلاف ورزی ہوئی اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو ہم مجبوراً دوبارہ مکمل لاک ڈائون کرینگے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری