مریم اورنگزیب کا حمزہ شہباز کی فوری رہائی کا مطالبہ


مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نون لیگی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف حمزہ شہباز کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان نون لیگ مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ 10 ماہ سے حمزہ شہباز کی گرفتاری سیاسی انتقام اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 ماہ ہو گئے مگر نیب نیازی گٹھ جوڑ حمزہ شہباز کے خلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کر سکا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ‎ نیب نیازی گٹھ جوڑ حمزہ شہباز کے خلاف عدالتوں میں کوئی الزام بھی ثابت نہیں کر سکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎10ماہ میں عدالتوں میں کچھ بھی ثابت نہ کرنے کے باوجود حمزہ شہباز ناحق قید میں ہیں، جبکہ ‎جہانگیر ترین اور حکومتی وزراء کی نیب انکوائریاں بند پڑی ہیں۔

ترجمان نون لیگ نے کہا کہ جہانگیر ترین اور حکومتی وزراء کی انکوائری کھولنے کی کسی میں ہمت نہیں ہے، ‎اپوزیشن اور میڈیا کے لوگوں کو محض انکوائری اور الزام پر گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ‎حکومت میں موجود آٹا اور چینی چوری کرنے والوں کی فائلیں اور نیب کی آنکھیں بند ہی رہیں گی۔